ہر گام پر ہر سمت پر نمودار کزن ہے
حالانکہ جن بھوت نہ اوتار کزن ہے
اس دور میں ہر موڑ پر درکار کزن ہے
کہتے ہیں سب رشتوں کا سردار کزن ہے
واللہ عجب رشتہ شاہکار کزن ہے
مانا کہ وہ جن بھوت نہیں بلکہ بشر ہے
پر یہ کیسے معلوم وہ مادہ ہے کہ نر ہے
حوا کی دختر ہے کہ گلنار کا سر ہے
گلفام کی وہ بیوی ہے کہ گلنار کا سر ہے
وہ جنس کہ ہے جنس پر اسرار کزن پے
واللہ عجب رشتہ شاہکار کزن ہے
اس جنس کے پردے میں سجن ہے کہ سجنا
پگڑی کہیں چمکے ہے نہ کھنکے ہے کنگنا
بس لفظ کزن بول کہ خود گول ہے دنیا
لیکن کسے معلوم وہ کزن ہے کہ کزنیا
اس راز کے اظہار کا انکار کزن ہے
واللہ عجب رشتہ شاہکار کزن ہے
ماموں ، چچا، خالہ کا وہ بیٹی ہو کہ بیٹا
سب دور نزدیک کے رشتوں کو لپیٹے
سوتیلے سگے دور کے منہ بول گھسیٹے
رشتوں کے سمندر کو یہ کوزے میں سمیٹے
زنبیل جناب عمرو عیار کزن ہے
واللہ عجب رشتہ شاہکار کزن ہے
اس رشتے کے پھلاؤکے پلٹن کا یہ عالم
سالے کا کزن سالے کے سالے کا باہم
ڈھونڈو جو ایک تو سو خود ہوں فراہم
لگتا ہے کہ کزن عرش سے گرتے ہیں دھمادھم
اس رشتے کا ہر تال لگاتار کزن ہے
واللہ عجب رشتہ شاہکار کزن ہے
رشتہ کسی اپنے کا اگر یاد نہ آئے
یا رشتے کی تفصیل چھپانا کوئی چاہے
بغلیں نہیں جانکے نہ پسینہ وہ بہائے
اک لفظ کے ہتھیار کو کام میں لائے
ہر موقع پر وہ مارے کہ ہتھیار کزن ہے
واللہ عجب رشتہ شاہکار کزن ہے
لڑکی جو کوئی بوائے فرینڈ اپنالے
جل جل کر کریں طعنہ زنی دیکھنے والے
وہ شوخ پھر اک نسخہ اکسیر نکالے
یہ کہہ کر وہ طنز کے طوفان کو ٹالے
وہ دوست نہیں میرا خبردار! کزن ہے
واللہ عجب رشتہ شاہکار کزن ہے
اس رشتے میں حائل نہیں بچپن یا بڑھاپا
دو سال کا پپو ہو یا دس بچوں کا پاپا
رنڈوا ہو یا بیاہتا کنوارا ہو سراپا
دوشیزہ کنواری ہو یا بیوہ بڑی آپا
شادی کا نہ کچھ عمر کا غم خوار کزن ہے
واللہ عجب رشتہ شاہکار کزن ہے
اعلی کسی عہدے پر کزن ہو تو بہر حال
گھر بیٹھےعزیزوں کے بنیں کام بچے مال
جھنجٹ نہ شفارش نہ رشوت کا ہی جنجال
اب ڈر ہو بھلا کاہے کا سیاں بنے کوتوال
دن رات مراعات کی پھر برمار کزن ہے
واللہ عجب رشتہ شاہکار کزن ہے
کہہ کہہ کے کزن دیئے ہو کیوں لوگوں کو چکر
کیا شرم ہے کہنے میں بہن بھائی بر را در
انگریزی کے اس لفظ میں دھوکا ہے سراسر
احمق ہی بنانے کے سب انداز ہیں اظہر
اپریل کا فول میرے یار کزن ہے
واللہ عجب رشتہ شاہکار کزن ہے
0 تبصرے:
اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔بد تہذیب تبصرے حذف کر دیئے جائیں گے
نیز اپنی شناخت چھپانے والے افراد کے تبصرے مٹا دیئے جائیں گے۔