Pages

5/21/2009

یہ حفاظت کو بنایا ہے

یہ اُس دور کی بات ہے جب ہم نے تازہ تازہ پی اے ایف انٹر کالج ملیر میں داخلہ لیا تھا! ہم اُن چند طالب علموں میں سے تھے جن کے والد فوجی میں نہیں تھے، کلاس فیلوز کی اکثریت فوجی پس منظر رکھتی تھی۔ ایسے ہی ایک دن گفتگو مختلف انداز میں جاری تھی، ہم اُس میں کوئی حصہ نہیں ڈال رہے تھے ساتھ بیٹھے دوست سے کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے متعلق خیالات کا تبادلہ کر رہے تھے۔
تب اتنے میں محفل کے دوسرے حصے میں ایک لڑکے نے اپنی علمیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ اگر ایک ٹینک کی رقم جو فوج اُس کی خریداری پر لگاتی ہے کو تعلیم پر خرچ کریں تو قریب تین سو افراد ماسٹر تک اپنی تعلیم مکمل کر لیں! اس ہی طرح اُس نے ایک کلاشنکوف سے لے کر ہوائی جہاز ااور ایک فوجی کی تنخواہ سے لے کر پوری بٹالین کے اخراجات کا موازنہ تعلیمی اخراجات تک کرتے ہوئے یہ باور کروانے کی ہر ممکن کوشش کی کہ اگر فوج نہ ہوتی تو ملک میں خواندگی کی شرح سو فیصد نہیں تو نوے فیصد ضرور ہوتی، ایٹم بم کا دھماکا اُس وقت نہیں کیا تھا پاکستان نے ورنہ اُس بارے میں بھی وہ کچھ نا کچھ روشنی ڈالتے جبکہ اُس کے والد خود افواج پاکستان کا حصہ تھے۔ ہم اپنی کرکٹ کی گفتگو چھوڑ کر اُس کی گفتگو سننے لگ پڑے تھے اپنے دلائل کے اختتام پر اُس نے داد طلب نگاہوں سے سب کی جانب دیکھا۔ ہم نے اُس سے جزوی اتفاق کیا کہ تعلیم قوم کے ہر فرد کے لئے ضروری ہے اور یہ سب سے بہترین دفاع ہے مگر یہ کہنا کہ فوج کا ہونا ناخوادگی کی وجہ ہے یا یہ کہ فوج کم کی جائے، اس سے ہمیں اختلاف ہے ہاں جس ملک کی عوام تعلیم یافتہ ہو جائے تو اُس ملک کی فوج بھی اُس پوزیشن میں آ جاتی ہے کہ معاشی لحاظ سے خود کمانے لگ پڑے۔ لیکن بہرحال ایسی قسم کی بحث کا جو انجام ہوتا ہے ہو ہی ہوا کہ نہ وہ میری بات کا قائل ہوا اور نہ مجھے اُس کا فلسفہ سمجھ میں آیا۔
اب جب کہ پاکستان ایٹمی قوت بن چکا ہے، جہاں قوم کا ایک بڑا حصہ ایٹمی قوت ہونے پر فخر کرتا ہے، اسے کارنامہ مانتے ہوئے مختلف شکلوں میں اس کا کریڈٹ اپنی اپنی جماعت کے سر ڈالتا ہے کوئی اپنے لیڈر کو اس کے شروع کرنے پر ہیرو بتاتا ہے اور کوئی اپنے لیڈر کو دھماکے کرنے کا فیصلہ کرنے کی بناء پر اُسے قوم کا مسیحا بتاتا ہے تو ایک طرف کئی ایسے احباب ہیں جو اسے ایک غلطی قرار دیتے ہیں! نہ صرف غلطی بتاتے ہیں بلکہ یہ دعٰوی بھی کرتے ہیں کہ یہ ایٹمی قوت ہونا ہی دراصل تمام مصیبتوں کی جڑ ہے، اس سلسلے میں ایسی ہی ایک کالمی بحث کا آغاز بزرگ کالم نگار حقانی صاحب نے اپنے کالم کے ذریعہ ہوا جناب نے اپنے فیصلے کو درست قرار دیا جس میں انہوں نے ایٹمی دھماکا کرنے کی مخالفت کی تھی، جواب میں مجید نظامی نے ایک کالم لکھ دیا۔
دشمن پر قابو پانے کے لئے ضروری ہوتا ہے اُس کی طاقت کو ختم کیا جائے! اُس کی جس قوت سے ڈر لگتا ہو اُس کو اُس سے جدا کرنے یا چھین لینے کو سہی کی جائے۔ اُسے اپنا محتاج بنانا ہو، اُسے اپنے رحم و کرم پر رکھنا ہو، اُسے فتح کرنا ہو، اُسے زیر کرنا ہو تو لازم ہے کہ اُسے اُس خصوصیت، اہلیت، قابلیت و ہنر سے محروم کر دیا جائے جس کی بنیاد پر ایسا کرنا دشوار و ناممکن ہو۔ آج ہمارا ایٹمی طاقت ہونا ہماری بقا کی کنجی ہے۔ اگر کبھی یہ شور اُٹھتا ہے کہ یہ “مذہبی انتہا پسندوں“ کے ہاتھ لگ سکتا ہے اس کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم ہمارے حوالے کر دو تو یہ وہ طاقت ختم کرنے کی ہی کوشش ہے، یہ جو خبر آتی ہے ناں کہ امریکی فوج کا ایک دستہ افغانستان پہنچ گیا ہے پاکستان کے ایٹمی پلانٹ پر قبصہ کرنے (یہ خبر فوسک بیوز نے چلائی تھی) یا کہ پاکستان امدادی رقم ایٹمی اسلحہ کی پیداوار پر خرچ کرے گا لہذا نظر رکھی جائے یہ وہ نفسیاتی حملہ ہیں جو کسی کو اپنے قابو میں لانے کے لئے کئے جاتے ہیں ورنہ سچ تو یہ ہے انہیں یہ بھی علم نہیں کہ کہ پاکستان کا ایٹمی پلان کیسے چل رہا ہے! کہاں کہاں ہے! کون سی یا کس قسم کی پروسیسنگ کہاں ہو رہی ہے، البتہ یہ اُن کے علم میں ہے کہ ہم نے اپنے ایٹمی پلانٹ کی موبائل یونٹیں بنا رکھی ہیں! اور مختلف کام مختلف مقامات پر ہوتے ہیں! لہذا اب اسے کسی بھی حملے سے تباہ اور فوجی کاروائی سے اپنے قبصہ میں نہیں لیا جا سکتا۔
شکر ہے ہم نے یہ بنا لیا اور ہمیں فخر ہے کہ ہم دنیا کا جدید ترین و سستا ترین طریقہ یورینیم کی افزائش کے لئے استعمال کرتے ہیں۔ دشمن یہاں سے ہی ہماری طاقت کا اندازہ لگا چکا ہے اور وہ جانتا ہے ایٹم بم ہم نے اپنی حفاظت کے لئے بنایا ہے! اور ہم جانتے ہیں حفاظت کس طرح کی جاتی ہے!

7 تبصرے:

جعفر نے لکھا ہے کہ

آپ کے نقطہ نظر سے متفق ہوں۔

سیفی نے لکھا ہے کہ

کیا وقت آگیا ہے کہ جس ایٹم بم کو اپنی حفاظت کے لئے بنایا تھا اسی کی حفاظت کے لالے پڑے ہیں۔

منیر عباسی نے لکھا ہے کہ

شعیب اتفاق سے اسی کالج سے میں نے بھی ایف ایس سی کی ہے،

کب کی بات ہے، کس سن میں آپ ملیر کالج میں ہوتے تھے؟

میں تو ۱۹۹۶ میں ایف ایس سی کر کے نکلا تھا وہاں سے۔

میرا پاکستان نے لکھا ہے کہ

ہم بھی پہلے اس خیال کے حامی تھے کہ پاکستان کو ایٹمی دھماکہ نہیں کرنا چاہیے تھا اور اسرائیل کی طرح ایٹمی طاقت ہوتے ہوئے بھی دنیا کی نظروں میں معتبر ٹھہرنا تھا مگر ہم غلط تھے کیونکہ اسرائیل کی پشت پناہی کرنے والے ہمارا کبھی ساتھ نہ دیتے۔ خدا کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ ہم ایٹمی طاقت ہیں اور فوج کم از کم کبھی نہیں چاہے گی کہ اس سے سب سے بڑا ہتھیار چھن جائے۔

Shoiab Safdar Ghumman نے لکھا ہے کہ

جناب منیر صاحب ہم نے 1997 کے آخر میں وہاں ایف ایس سی میں داخلہ لیا تھا!

DuFFeR - ڈفر نے لکھا ہے کہ

میںآج بھی ارشاد احمد حقانی کو سب سے معتبر صحافی گردانتا ہوں
اس ایٹمی دھماکے والے معاملے اور پچھلے دنوں قائد سے متعلق چند باتوں پر اختلافات کے باوجود
میرے خیال میں شائد کچھ باتیں جو وہ سوچتے ہیں صحیح طرح اپنے قارئین تک پہنچا نہیں سکا
اسے اگر کچھ علم ہے جس بنا پر وہ یہ بات کر رہا ہے تو وہ سامنے آنی چاہٗئے
جسے وہ "اہم قومی راز" سمجھ کر ساتھ لے جانے پر مصر ہیں
یا شائد یہ بات صحیح ہے کہ
بڈھا سٹھیا گیا ہے

عنیقہ ناز نے لکھا ہے کہ

شعیب صاحب آپ نے کافی دلچسپ موضوع چھیڑا ہے میں اس پر ایک مضمون لکھ رہی ہوں اگلے دو تین دنوں میں آپ اسے پڑھ سکیں گے۔

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

بد تہذیب تبصرے حذف کر دیئے جائیں گے

نیز اپنی شناخت چھپانے والے افراد کے تبصرے مٹا دیئے جائیں گے۔