Pages

6/19/2020

بڑا ‏وکیل

جب ہم نئے نئے وکیل بنے تھے تو کراچی کے ان وکلاء کو کیس چلاتے سننے جایا کرتے جس کے دلائل کی دوسرے وکیل تعریف کرتے تھے ان میں ایک فروغ نسیم بھی تھے ان کے دلائل سننے کی وجہ ایک سینئر کا یہ تبصرہ تھا کہ "جج کو قائل نہ کر سکو تو اسے کنفیوز کیسے کرنا ہے یہ فروغ سے بہتر کوئی نہیں جانتا". انکے دلائل سنتے ہوئے ایک بات تو جان گیا کہ یہ ان چند وکیلوں میں سے ہیں جنہیں نے اعلیٰ عدلیہ کے فیصلے پڑھنے اور نوٹ کرنے کی بہت عادت ہے جو ایک قابل وکیل ہونے کا بنیادی جز مانا جاتا ہے۔
یوں ہی کچھ ایسے معاملات سے متعلق بھی وکلاء کے رویے نوٹ کرتا جن میں میں بنیادی طور پر نااہل و کمزور رہا ہوں اور اب تک ہوں۔ دو بنیادی نااہلیاں جو مجھ میں تھیں ایک سائل سے فیس کا تعین کرنا (ہمیشہ کم معاوضہ پر راضی ہونا اور یہ ہی بنیادی وجہ بنی نوکری کی) اور دوسرا بُری خبر کیسے سنائی جائے (اگرچہ اپنی وکالت کے دوران بری خبر اپنے کلائنٹ کو سنانے کے مواقع صرف تین آئے 2008 سے 2014 تک کی پریکٹس میں)۔
ایسے میں ایک قصہ نہ تو میں بھولتا ہوں نہ بھول سکتا ہوں بلکہ اکثر جگہ کوٹ بھی کرتا ہوں مگر ان کے کرداروں کے نام لیئے بغیر۔
قصہ یوں کہ ہم ایک کیس کے سلسلے میں ملیر کورٹ کی ایک ایڈیشنل ججز صاحبہ کی عدالت میں اپنی باری کے انتظار میں بیٹھے تھے کہ ایک ہمارے سٹی کورٹ کے وکیل بھی وہاں گزشتہ روز اپنی ضمانت کی درخواست کے محفوظ شدہ فیصلے کے بارے میں جاننے کو اپنی جونیئر کے ہمراہ عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ عدالت نے انہیں آگاہ کیا کہ آپ کی درخواست رد کر دی گئی ہے جو ایک بری خبر تھی۔ وہ وکیل چند لمحے رکے اور عدالت کو سلام کر کے باہر کو روانہ ہوئے۔ اس سے قبل ملیرکورٹ کے احاطے میں ہم انہیں ملزم کے رشتہ داروں (اور اپنے کلائنٹس) کے ہمراہ دیکھ چکے تھے لہذا ہم جانتے تھے کہ وہ اپنے کلائنٹس کو کمرہ عدالت سے نکل کر اس خبر سے آگاہ کریں گے اور ہم ایسے مشکل لمحوں پر کیسے react کرنا ہوتا ہے سیکھنے کے خواہش مند تھے (جو اب بھی ہیں) لہذا ان وکیل کے ہمراہ/پیچھے پیچھے کمرہ عدالت سے باہر آئے۔ ان صاحب کمال نے کمرہ عدالت سے باہر نکلتے ہی اپنے دونوں ہاتھوں کو جوڑ کر سر سے بلند کر کے سلام کیا (جیسا کہ رواج ہے سندھ میں دور سے سلام کرنے کا) کلائنٹس کی طرف قدم بڑھائے اور زبان سے یوں گویا ہوئے "مبارک مبارک!! جج صاحبہ نے ہمیں ضمانت کی درخواست بڑی عدالت یعنی ہائی کورٹ لے جانے کی اجازت دے دی ہے اب سب ٹھیک ہو جائے گا"۔
یقین جانے ان کے کلائنٹس ان کی اس  بات سے یوں مطمئن ہوئے جیسے کوئی بہت بڑا ریلیف ملا ہو اور ہم ششدر رہ گئے کہ کیسے کر لیتے ہیں یہ سینیئر ان لوگوں کو مطمئن ایسی شعبدہ بازی سے۔
بہرحال ابھی ایک دوست کا اسٹیٹس پڑھا کہ فروغ نسیم نے کامران خان کو انٹرویو میں بتایا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ حکومت کے موقف کی جیت یے۔
بلاشبہ فروغ نسیم ایک بڑا "وکیل" ہے اس لئے انہیں قاضی فائز عیسیٰ والا کیس اگلے فورم پر کے جانے کی اجازت ملی ہے۔

0 تبصرے:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

بد تہذیب تبصرے حذف کر دیئے جائیں گے

نیز اپنی شناخت چھپانے والے افراد کے تبصرے مٹا دیئے جائیں گے۔