ہمارے ایک دوست نے آپریشن "رد الفساد" کے دوران کا ایک قصہ سنایا۔ جن علاقوں میں پاک فوج نے کارروائیاں کیں، وہاں طالبان کو کسی حد تک مقامی حمایت حاصل تھی۔ اس لیے، فوج کے اہلکار وہاں سے نکلتے ہوئے مقامی افراد سے گفتگو کرتے تاکہ کوئی ایسی معلومات مل سکے جو آپریشن میں مددگار ثابت ہو۔ دوسری طرف، مقامی آبادی بھی ایک عجیب خوف میں مبتلا تھی؛ وہ نہ کھل کر فوج کے خلاف بات کر سکتے تھے اور نہ ہی طالبان کی کھلم کھلا مخالفت کر سکتے تھے، کیونکہ وہ تذبذب کا شکار تھے۔
ایسے ہی ایک موقع پر، ایک مقامی بزرگ سے پوچھا گیا کہ ان کی طالبان کے بارے میں کیا رائے ہے؟ انہوں نے جواب دیا، "سنا ہے اچھے لوگ ہیں، اللہ کے قانون کی بات کرتے ہیں، قرآن و سنت کا نفاذ چاہتے ہیں اس زمین پر۔"
اس کے بعد پاک فوج کے بارے میں سوال کیا گیا تو جواب آیا، "وہ بھی اچھے لوگ ہیں، پاکستان کی بات کرتے ہیں اور پاکستان ہمارا ملک ہے، مسلمانوں کا ملک ہے، اللہ اور رسول کے نام پر بنا ہے، اور اس کی سالمیت چاہتے ہیں۔"
اگلا سوال ہوا کہ "طالبان بھی اچھے اور فوج بھی اچھی، یہ کیا بات ہوئی؟ برا تو کوئی نہ کوئی ہوگا؟"
بزرگ گویا ہوئے، "برا تو ہم ہیں، ہم عوام! جو نہ مذہب کا سوچتے ہیں نہ ملک کا۔ سب کی تعریف کرتے ہیں، سب کی برائی کرتے ہیں۔ ہمیں اس کی سزا بھی ملتی ہے اور ملنی بھی چاہیے۔"
گزشتہ دو ماہ سے ملک میں انتخابات کے بعد تو یوں لگتا ہے جیسے اس بزرگ کی بات درست تھی: "برا تو ہم عوام ہیں!" کیا پٹواری، کیا یوتھیا، کیا جیالا، کیا جماعتی یا کسی اور سیاسی جماعت یا گروہ کا حمایتی۔ سب اپنی اپنی جگہ ٹھیک ہیں، ان میں سے ہر ایک اپنے اپنے نظریے اور مؤقف پر قائم ہے۔ اصل میں، عوام ہی ہیں جو تذبذب کا شکار رہتے ہیں اور بظاہر ہر ایک کی ہاں میں ہاں ملاتے ہیں۔ یہی ہمارا تضاد اور دوغلا پن ہے جس کی وجہ سے ہم سب کی تعریف بھی کرتے ہیں اور سب کو برا بھلا بھی کہتے ہیں۔
2 تبصرے:
بزرگ نے اصل بات بہت عقلمندی اور بردباری کے ساتھ کہہ دی. کسی کی سمجھ میں نہ آئے تو الگ بات ہے
بہت عمدہ بات۔ بزرگ نے درحقیقت اپنے ایک جملے سے ہمیں ہماری اس ذمہ داری کا احساس دلانا چاہا ہے، جس سے منہ موڑے ہوئے بھاگ رہے ہیں
اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔بد تہذیب تبصرے حذف کر دیئے جائیں گے
نیز اپنی شناخت چھپانے والے افراد کے تبصرے مٹا دیئے جائیں گے۔