کام نہیں ذمہ داری بندے کو مارتی ہے. جب دوسری کی عزت، مال و زندگی کا دارومدار آپ کی قابلیت و فیصلہ کا منتظر ہو تو ذمہ داری فیصلہ کرنا نہیں انصاف کرنا ہوتا ہے. عدالتوں سے فیصلے ذیادہ آ رہے ہیں انصاف کم!
جب جب ہم نے جج کے امتحان کی تیاری کی تب تب ہمیں اپنے ایک دوست کی بات یاد آئی کہ حاکم و قاضی بننے کی خواہش ہی نااہلیت کی سند ہے امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والا جج کی کرسی پر بیٹھ کر فیصلے تو کر سکتا ہے انصاف کرنے کا اہل ہو اس کی کوئی ضمانت نہیں. ایسی باتیں ان کو سمجھ آئیں جنہوں نے سمجھنی ہوں ہمارا ان سے کیا لینا دینا. ہمارے والد نے ایک رات سو جانے کا حکم صادر کرتے ہوئے پوچھا جج بن کر کیا کرو گے ہم نے فورا ججز کی تنخواہ، مراعات اور معاشرتی مقام پر روشنی ڈالی بجائے خوش ہونے کے چہرے پر پریشانی نظر آئی. اگلے دن والدہ نے ہم سے پوچھا کیا کہا تھا رات کو تم نے اپنے ابو کو؟ ہمیں نہ سوال سمجھ آیا نہ رات کی گفتگو کی طرف دھیان گیا! لہذا سوال کر ڈالا "کیوں کیا ہوا؟" کہنے لگی کہہ رہے تھے یہ عام سا ہی نکلا لگتا ہے کسر رہ گئی تربیت میں!
اکثر سرکاری ملازمین کا بڑھاپا تب شروع ہوتا ہے جب وہ نوکری سے ریٹائر ہو جاتے ہیں عمر کی گنتی نہیں وقت اہم ہے . تب ہی ان کے پاس سنانے کو زندگی کے کئی قصے ہوتے ہیں. جج بھی سرکاری ملازم ہی ہوتا ہے. ریٹائرمنٹ کے بعد وکالت کمانے کے لیے کم اور قصے سنانے کے لیے ذیادہ کرتا ہے. یہ قصے ان کے لئے ستائش جیتے کا ذریعہ ہوں گے مگر نئی نسل کے لئے سیکھنے کا راستہ ہوتے ہیں، ایسے قصوں سے سیکھا ہوا ہمیشہ کام آتا ہے عدالت میں بھی اور زندگی میں بھی.
عدالتوں میں فیصلوں کے لئے ہونی والی مباحث میں حقائق و قانون دونوں زیر بحث آتے ہیں مگر جب بھی سابقہ ججز سے ان کے اہم فیصلوں کی روداد سنے تو وہ معاملے سے متعلق حقائق و اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہیں اور بتاتے ہیں کہ کیسے ان کا فیصلہ انصاف کے مطابق تھا قانونی نقاط قصے کا حصہ نہیں ہوتے . اس سے ہم نے یہ تاثر لیا نیت انصاف کرنا ہو تو ٹیڑھا قانون بھی رکاوٹ نہیں بنتا.
کوئی خود کو برا نہیں کہتا مگر جو سچ دوسرے آپ کے بارے میں کہتے ہیں اس کا کوئی متبادل نہیں. سابقہ ججز کے ساتھ کام کرنے والے کلرک، پٹے والے، ان کے ڈرائیور، گارڈ اور باورچی جو قصے سناتے ہیں ان سے محسوس ہوتا ہے جج صاحبان کی اکثریت بس نوکری کرتی ہے، فیصلے سناتی ہیں. کہنے کو تو کہا جاتا ہے ایک بے گناہ کو سزا دینے سے بہتر ہے کہ سو گناہ گار کو چھوڑ دیا جائے مگر گناہ گار کو سزا سنائے جانے کے جو قوت و حوصلہ درکار ہے وہ بھی کسی حد تک ناپید ہے. یہ ڈر کہ اوپر والی عدالت اگر میرا فیصلہ بدل دے اور ایسے بدلے ہوئے فیصلوں کی اکثریت نوکری میں ترقی کے امکان کم دیتے ہیں کا خوف ملزمان کو چھوڑنے کا سبب بنتے ہیں. یوں فیصلے ہوتے ہیں انصاف نہیں.
عمومی طور پر قتل و زنا کے مقدمات کے علاوہ باقی جرائم میں ملزم کو بری کرنے کا رجحان قریب قریب سو فیصد ہی ہے. صرف جج صاحبان ہی رعایت نہیں کرتے بلکہ خود مدعی، پولیس اور پراسیکیوٹر بھی ملزمان کے ساتھ نرمی رکھتے ہیں. مدعی و گواہان تو عدالت سے باہر ملزمان سے صلح کر کے کٹہرے میں بیان بدلتے ہیں یوں ملزمان باعزت بری ہوتے ہیں (یہ بات کسی حد تک دیوانی و خانگی تنازعات کے بارے میں بھی ہے) . تھانے میں لکھوائی گئی ابتدائی رپورٹ میں شامل جھوٹ سچ کو بھی کھا جاتا ہے. عدالت کے کٹہرے میں انصاف کے حصول کے لئے کم اور دوسرے کو سزا دلوانے کو ذیادہ پیش ہونے والوں کا جھوٹ ملزم کو تو گناہ گار نہیں کرتا البتہ اس کی غلطیوں و جرائم کو دھندلا ضرور کر دیتا ہے. عدالت کے کٹہرے میں صرف ملزم و مجرم ہی نہیں فریادی و گواہ بھی پیش ہوتے ہیں. مجرمان کو صرف عدالت کے کٹہرے میں لانا ہی کافی نہیں ہوتا کٹہرے میں خود مدعی کو بھی کھڑا ہونا ہوتا ہے. برائی اور گناہ کی شہادت دینا اصل امتحان ہے جس میں بہت کم لوگ ہی کامیاب ہوتے ہیں کچھ بیان سے مکر جاتے ہیں اور کچھ جرم کی ہیت بڑھانے کو اس میں جھوٹ کی آمیزش کرتے ہیں، جھوٹ پکڑا جاتا ہے یوں سچ بھی مشکوک ہو جاتا ہے اور ملزم بری. ایسے میں فیصلہ آتا ہے شاید تب حالات کے تحت یہ ہی انصاف ہے.
عدالت کے کٹہرے میں گواہی سے پہلے حلف لیا جاتا ہے. ہر فرد کو اس کے عقیدے کے مطابق کلمہ پڑھایا جاتا ہے اس کے رب کا خوف دلوا کر سچ بولنے کا کہا جاتا ہے اور جھوٹ کی صورت میں رب العزت کے عذاب و کہر کا حقدار. ہمارے ایک سینئر دوست کہتے ہیں یہ عدالتوں کے کٹہرے میں خدا کو حاضر ناضر جان کر بولا گیا جھوٹ ہی تو ہماری تباہی کی وجہ ہے. لوگ اپنے اپنے خداؤں کے نام پر جھوٹی گواہی دینے سے نہیں ڈرتے مگر بیوی و بچوں کے نام پر قسم کھا کر گواہی دینے سے انکار کر دیتے ہیں اندازہ لگایا جا سکتا ہے کیونکہ فیصلے آتے ہیں انصاف نہیں.
ایسا بھی نہیں کہ سب جھوٹ کی دلالی کریں کئی کٹہرے میں سچ کے سوا کچھ بھی نہیں گواہی میں کہتے اور ہم نے دیکھا وہ انصاف پر مبنی فیصلے جیت کر جاتے ہیں. انصاف یہ ہی نہیں کہ ملزم کو سزا ہو انصاف یہ ہے کہ اسے احساس ہو وہ پچھتائے، وہ توبہ کرے اور معافی کا طالب ہو.
عدالتیں نہیں، جج نہیں، وکیل نہیں، گواہ نہیں بلکہ صرف سچ ہی انصاف کے حصول کو ممکن بناتا ہے آٹے میں نمک کے برابر جھوٹ بھی انصاف کو کھا جاتا ہے پھر بس فیصلہ ہی آتا ہے. یہ مشاہدہ ہے یہ تجربہ ہے مگر یہ سمجھ کسی کسی کو آتی ہے یہ نظر ہر کسی کو نہیں آتا.
ہماری عدالتوں سے واقعی اب فیصلے آ رہے ہیں انصاف نہیں اور قصور وار ہم سب ہیں کوئی ایک نہیں.