Pages

6/21/2016

ناکامی بھی بخشش ہے

وقت سے پہلے حاصل ہونے والی  کامیابی بڑی کامیابی کے راستے کی رکاوٹ بھی ہوسکتی ہے. جہد مسلسل پر حاصل ہونے والی بڑی کامیابی کئی چھوٹی چھوٹی کامیابیوں و ناکامیوں کے ملاپ کا نتیجہ ہوتی ہیں . مسلسل ناکامیاں ممکن ہے مایوسی کی پرورش کرتی ہوں مگر مثبت رویہ رکھنے والے کو بطور انعام اپنی فیلڈ کا سب سے کامیاب فرد بنا دیتی ہے.


جب کبھی اپنے اردگرد نظر دہرائی جدوجہد کے ابتدا میں کامیابی حاصل کر کے مطمئن ہونے والوں کو کامیاب لوگوں کی فہرست میں پچھلی نشست میں دیکھا. کاوشوں کے نتائج پر اطمینان کرنے والے آگے بڑھنے کی صلاحیت کھو دیتے ہیں. یہ خیال کہ ناکامیاں ہی کسی فرد کو ناکام بناتی ہیں اس وقت غلط ثابت ہوا جب کسی چھوٹی یا نچلی منزل پر مطمئن بیٹھے شخص کو دیکھا کہیں وہاں وہ اپنی اولین کامیابی کی بناء پر پہنچا تھا.


ایک بزرگ نے ہمیں ایک بار کہا تھا "پتر ناکامیوں کو سنبھال کر رکھا کر یہ مثالی کامیابی کی کنجی ہوتی ہیں" ہمیں یہ بات تب سمجھ میں نہیں آئی تھی مگر اب احساس ہوتا ہے ناکامی ایندھن کا کام بھی تو کرتی ہے بڑی منزل تک پہنچنے کے لئے ذیادہ ایندھن درکار ہوتا ہے شاید اس سے یہ مراد ہو کبھی خیال آتا ہے شاید چونکہ ہر ناکامی ایک نیا سبق دیتی ہے جو علم میں اضافہ کا سبب بنتا ہے اور مثالی کامیابی علم کے بغیر ممکن نہیں شاید ان کی یہ مراد ہو قیاس ہی کر سکتا ہوں مطلب سمجھنے میں مگر جس پہلو سے بھی دیکھو بات سچی ہی معلوم ہوتی ہے.


بات یہ ہے کہ ناکامی بھی تحفہ ہے بخشش ہے کھلے دل سے قبول کریں گے تو بڑی کامیابی عنایت ہو گی ورنہ منزل سے دور ہی رہے گی اور بندہ ہمیشہ ناکام. ناکامی کو تحفہ یا بخشش ماننے کا طریقہ یہ ہے کہ بندہ جدوجہد کرے.