Pages

12/24/2010

دلچسپ قصہ

یہ 20 دسمبر کی بات ہےسندھ بلکہ ملک کی ایک بااثر شخصیت سندھ ہائی کورٹ میں چیف جسٹس سندھ کی عدالت میں اپنے کیس کی باری کا انتظار کر رہے تھی بتا دوں یہ شخصیت سندھ کے چیف منسٹر رہ چکی ہے، اس کے علاوہ یہ چند ایک صوبائی وزارتوں کا مزا بھی چکھ چکے ہیں! بہرحال اتنے میں ایک شخص جو خود بھی اپنے کسی کیس کے سلسلے میں عدالت میں تھا اُس شخصیت کی طرف بڑی حیرانگی سے دیکھنے لگا،
پھر اُس سے مخاطب ہوا "سر میں نے آپ کو کہیں دیکھا ہے"
وہ شخصیت کچھ تذذب کا شکار ہوئے اتنے میں اُن کے برابر میں بیٹھے اُن کے اسسٹنٹ حرکت میں آئے اور اُن شخصیت کے بارے میں گویا ہوئے "یہ 'فلاں' شخص ہیں"
وہ بندہ بولا "نہیں میں نام سے نہیں شکل سے پہچان رہا ہوں"
(اُس وقت میری ہنسی چھوٹنے والی تھی مگر عدالت کے احترام میں خود پر قابو پانا پڑا)
وہ پی اے پھر گویا ہوا "یہ سابق چیف منسٹر سندھ رہ چکے ہیں! وہ فلاں فلاں وزارت بھی ان کے پاس رہی ہے"
وہ اُس بندے نے کہا "اچھا اچھا تب ہی ان کی شکل کچھ دیکھی دیکھی لگی، ٹی وی پر دیکھا ہو گا پھر، سمجھ گیا!! ابھی والے چوروں سے پہلے آپ کو بھی ایک موقعہ مل چکا ہے"
(یہ سننا تھا اور میں عدالت سے باہر آ گیا وجہ صاف تھی میرے لئے اب ہنسی کو قابو رکھنا ممکن نہیں ہو رہا تھا)

12/10/2010

تھانے میں گدھا!

آج ملیر کورٹ میں بہت دلچسپ مکالمہ سننے کو ملا! معاملہ یوں تھا کہ پولیس والون نے کسی کا گدھا چوری کے شبہ میں بند کر لیا تھا تو گدھے کے مالک نے اُس کی واگذاری کے لئے درخواست لگائی تھی! جس پر جج نے تھانے سے رپورٹ طلب کی جو ایک پولیس آفسر لے کر آیا!
جج: ہاں بھائی تھانے مین کتنے گدھے ہیں؟
پولیس: سر ایک ہی ہے۔
جج: تھانے میں ہی ہے یا یہاں آ گیا ہے؟
پولیس: سر وہ تھانے میں ہی ہے۔
جج: ہاں ٹھیک ہے گدھا تھانے میں ہی ہوتے ہیں! چلو ٹھیک ہے اس بندے کو لے جاؤ یہ تھانے والے گدھے کا مالک ہے اپنا والا پہچان کر لے جائے گا، (پھر دوسری طرف متوجہ ہو کر) اپنا گدھا پہچانتے ہو ناں!
مالک گدھا: جی سر پہچانتا ہوں!
جج: ٹھیک ہے اپنا والا ہی لے کر جانا! ورنہ تھانے کا نظام خراب ہو جائے گا!
مالک گدھا: جی بہتر سر! شکریہ!
جج: تم اسے ساتھ لے جاؤ اور اس کا والا گدھا اس کے حوالے کر دو۔
پولیس: ٹھیک ہے سر۔